متنازع ’امپائر کال‘ کو کرکٹ کمیٹی کا ووٹ مل گیا

ممبران نے پیچیدہ ڈی آر ایس قانون کو برقرار رکھنے کی حمایت کردی۔


Sports Desk March 25, 2021
ممبران نے پیچیدہ ڈی آر ایس قانون کو برقرار رکھنے کی حمایت کردی۔ فوٹو:فائل

متنازع 'امپائرکال' کو کرکٹ کمیٹی کا ووٹ مل گیا جب کہ ممبران نے پیچیدہ ڈی آر ایس قانون کو برقرار رکھنے کی حمایت کردی۔

ڈی آر ایس امپائر کال کو کافی عرصے سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، چند روز قبل بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی اسے انتہائی پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بال ٹریکنگ سسٹم میں گیند اسٹمپ کو ہٹ کرتی دکھائی دے رہی ہو تو پھر آؤٹ ہونا چاہیے، اس میں گیند کے 50 فیصد حصہ کے ٹکرانے کی شرط عائد نہیں کرنی چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سابق بھارتی اسپنر انیل کمبلے کی زیرسربراہی آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں امپائر کال پر بھی بات ہوئی،اس حوالے سے میچ آفیشلز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے فیڈبیک بھی لیا گیا، کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی کہ امپائر کال کو برقرار رہنا چاہیے تاہم اسے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پلیئرز اور شائقین کیلیے عام فہم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس کو آسانی سے سمجھ سکیں۔

کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹیکنالوجی مکمل طور پر بے عیب نہیں ہے، اس لیے صرف گیند کے اسٹمپ سے ٹکرانا ظاہر ہونے پر کسی کو آؤٹ قرار نہیں دیا جا سکتا، 50 فیصد تک گیند کے ٹکرانے کی صورت میں فیلڈ امپائر کا فیصلہ تبدیل ہوسکتا ہے۔

اب یہ معاملہ 30 مارچ کو آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی میں پیش کیا جائے گا جو عام طور پر کرکٹ کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتی اور آئی سی سی بورڈ توثیق کرتا ہے۔

ادھر رپورٹ کے مطابق گورننگ کونسلکے چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے کے مستقبل کا فیصلہ بھی میٹنگز میں زیر غور آئے گا، وہ ان دنوں چھٹی پر ہیں، ان کیخلاف کنٹریکٹس، بھرتیوں، برطرفیوں سمیت ملازمین سے توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کے الزامات کی تحقیقات ہورہی ہیں۔

مقبول خبریں