کراچی؛ منگھوپیر سے 2 مغوی بازیاب، 3 اغوا کار مارے گئے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 5 مئ 2021
محسن مری اورذوالفقاروسان کو23 اپریل کواغواکرکے رہائی کیلیے5 کروڑ تاوان طلب کیاگیاتھا،ایس ایس پی عبداللہ احمد۔  فوٹو : ایکسپریس

محسن مری اورذوالفقاروسان کو23 اپریل کواغواکرکے رہائی کیلیے5 کروڑ تاوان طلب کیاگیاتھا،ایس ایس پی عبداللہ احمد۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اورسٹیزن پولیس لائژن کمیٹی نے منگھوپیرمیں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 اغوا کاروں کوہلاک کرکے 2 مغویوں کوبحفاظت بازیاب کرالیا۔

منگل کے روز اعلیٰ الصباح منگھوپیر کے علاقے لاڑو گوٹھ میں اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی نے بین الصوبائی اغواکارگروہ کے 3کارندوں علی گوہر،نوکاف اورشفیع اللہ کوہلاک کرکے 2 مغویوں محسن مری ولد محمد حسن مری اور ذوالفقاروسان ولد علیم وسان کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔

ایس ایس پی اے وی سی سی عبداللہ احمد نے بتایا کہ بازیاب کرائے جانیوالے مغویوں محسن مری اور ذوالفقار وسان کو 23 اپریل کوسائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود سے اغوا کرکے5 کروڑ روپے تاواں طلب کیاگیا تھا، اغوا کا مقدمہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا تھانے میں درج کیا گیا تھا جس کے بعد مقدمے کی تفتیش اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کو منتقل کردی گئی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ مقدمے کی تفتیش ملنے کے بعد اے وی سی سی پولیس نے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس نے ٹیکنیکل اور خفیہ معلومات کی مدد سے بین الصوبائی اغواکارگروہ کا سراغ لگایااورمنگل کی صبح دونوں مغویوں کوبحفاظت بازیاب کراکر مقابلے میں 3 اغوا کاروں کو ہلاک کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔