پہلی سے آٹھویں تک امتحان ہونگے میٹرک و انٹر کے پریکٹیکل امتحان لینے کا اعلان

نویں اورگیارہویں کے امتحان جولائی اور اگست میں ہوں گے، امتحانات اختیاری مضامین کے ہی ہوں گے، اسٹیرنگ کمیٹی


Staff Reporter June 17, 2021
امتحانات کے 45 دن بعد پہلے مرحلے میں دسویں اور بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان۔ فوٹو: فائل

محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال نویں اور گیارہویں کے امتحانات جولائی اور اگست میں ہوں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی کی زیر صدارت بدھ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں سیکریٹری تعلیم احمد بخش ناریجو ، سیکریٹری کالجز خالد حیدر شاہ، سیکریٹری یونیورسٹیز قاضی شاہد پرویز، اراکین سندھ اسمبلی تنزیلہ ام حبیبہ ، رابعہ اظفر نظامی، ڈی جی پرائیویٹ اسکول منصوب صدیقی، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر فوزیہ، بورڈز کے چیئرمین، پرائیویٹ اسکولز انجمن کے عہدیداران شریک تھے۔

اجلاس میں گزشتہ اجلاس کی روداد (منٹس) کی منظوری دی گئی،اجلاس میں نہم جماعت اور گیارہویں کے امتحانات کی تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ماہ جولائی میں دسویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات جبکہ گیارہویں جماعت کے امتحانات بارہویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لیے جائیں گے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صرف اختیاری مضامین کے امتحانات ہوں گے اور اس سال میٹرک اور انٹر میں عملی (پریکٹیکل) کے امتحانات نظری (تھیوری) امتحانات کے بعد لیے جائیں گے،پریکٹیکل امتحانات طلبا کے اپنے اسکولوں اور کالجوں میں ہی ہوں گے۔

امتحانات کے 45 روز بعد پہلے مرحلے میں دسویں جماعت اور بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا جبکہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان ان دونوں کلاسز کے بعد کیا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اس سال صورتحال کے پیش نظر نویں اور گیارہویں جماعت کے گزشتہ سال امتحانات نہ لیے جانے کے باعث اس سال میٹرک اور انٹر میں اختیاری مضامین میں اگر کوئی طالبعلم فیل ہوجاتا ہے تو اس کو پاسنگ مارکس دیے جائیں گے اور ان کے لازمی مضامین کے مارکس اسی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات کے حوالے سے 3 تجاویز آئی ہیں جس میں ایک تجویز کلاس پہلی سے چوتھی اور چھٹی اور ساتویں کو پرموٹ کرنے، دوسری تجویز تمام کلاسز کو پرموٹ کرنے اور تیسری تجویز تمام کلاسز کے امتحانات لینے کی ہے۔

اجلاس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے تمام ارکان سے تفصیلی بحث کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ اس سال پہلی سے آٹھویں تک کے امتحانات لیے جائیں گے اور یہ امتحانات اسکول اپنے طور پر لیں گے۔

مقبول خبریں