محکمہ صحت خیبرپختونخوا کا مسلسل غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

شاہدہ پروین  ہفتہ 25 ستمبر 2021
593 غیر حاضر عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا ہے فوٹو: فائل

593 غیر حاضر عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا ہے فوٹو: فائل

 پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے رواں ماہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمہ کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کو آزادانہ مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے یکم سے 15ستمبر تک اسٹاف کی حاضری سے متعلق ایک رپورٹ جمع کرائی گئی ہے۔ جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں ملازمین کی حاضری رجسٹرڈ کا جائزہ لیا ہے، اس رپورٹ میں 1641 ملازمین کے بارے میں رپورٹ جمع کرائی گئی ہے جن میں سے 593 ملازمین اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں محکمہ صحت کے سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسپتالوں سے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس، ایل ایچ ویز ، نرسز اور ماتحت ملازمین کی ڈیوٹی تسلی بخش نہیں تھی، بعض ملازمین ایمرجنسی چھٹی، بعض جنرل ڈیوٹی اور بعض ملازمین کسی اور دفتری کام کی وجہ سے کسی اور ڈیوٹی پر تھے۔

رپورٹ کے مطابق بیشتر ملازمین اپنی ڈیوٹی پر تاخیر سے پہنچے تھے ذرائع نے بتایا کہ 593 ملازمین بغیر پیشگی اجازت یا بتائے بغیر اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو جمع کرادی گئی ہے جس میں ان ملازمین کیخلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔