شہباز شریف کا قرض کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  پير 25 اکتوبر 2021
تاریخ گواہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے، شہباز شریف فوٹو: فائل

تاریخ گواہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے، شہباز شریف فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے قرض کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے بیان میں قومی اسمبلی مین اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ قومی معیشت کوبرباد کررہا ہے اور مہنگائی بے قابو ہوچکی ہے، مہنگائی کی طرح ڈالر میں مسلسل اضافے پر حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، حکومت ڈالر اور مہنگائی میں اضافے پر دانستہ خاموش ہے جو آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ ہوسکتا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کا نتیجہ قوم مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تبادہی کی صورت بھگت رہی ہے، یہ ظلم بند کرنا ہوگا، ڈالر کی مسلسل پرواز ثبوت ہے کہ حکومت معاشی محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے، معاشی تباہی، مہنگائی اور معاشی افراتفری پاکستان کی قومی سلامتی کے تقاضوں کے لئے نیک فال نہیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مزید اور مسلسل اضافہ قومی معیشت کے لئے تباہ کن اور قومی سلامتی کے تصور کے لئے خطرناک ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے عوام کنگال ہورہے ہیں اور حکومت کو عوام کی حالت زار کا کوئی احساس نہیں۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم نہیں ہوا تو پھر کیا طے پایا ہے، پارلیمنٹ کو بتایا جائے، آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی شرائط اور مذاکرات کی تفصیلات پارلیمنٹ سے چھپانا بتارہا ہے کہ دال کالی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔