ڈاکوؤں نے 2 دکانیں لوٹ لیں لڑکوں نے گارڈ سے اسلحہ چھین لیا

موٹرسائیکل سوار2 ڈاکو20 منٹ کے دوران ایک ہی مالک کی 2 دکانوں میں لوٹ مارکے دوران نقدی اورموبائل فون چھین کرفرار ہوگئے۔


Staff Reporter November 28, 2021
2 دکانوں سے ڈاکو مجموعی طور پر 25 ہزار روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہوئے ہیں، دکاندار عادل۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ڈسٹرکٹ سینٹرل میں لوٹ مار کی وارداتوں نے جہاں عام شہریوں کو شدید اضطراب میں مبتلا کیا ہوا ہے، وہیں پر کاروبار کرنے والے بھی مشکلات کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل فیڈرل بی ایریا میں پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو 20 منٹ کے دوران ایک ہی مالک کی 2 دکانوں میں لوٹ مار کے دوران نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے پولیس افسران شہریوں اور دکانداروں کو تحفظ فراہم کرنے میں کس حد تک سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں اور اس کا خمیازہ براہ راست شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری و چھین جانے کی صورت برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

دونوں وارداتوں کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اس حوالے سے دکان کے مالک محمد عادل خان گلبرگ تھانے میں وارداتوں سے متعلق درخواست جمع کرا دی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی گلبرگ فیڈرل بی ایریا بلاک 5 عائشہ منزل اور فیڈرل بی ایریا بلاک 10 میں معاذ ایل پی جی کے نام سے 2 دکانیں ہیں ، 26 نومبر کی رات ساڑھے نو بجے کے قریب 2 ڈاکو موٹر سائیکل پر سوار میری دکان فیڈرل بی ایریا بلاک 5 پر آئے اور اسلحے کے زور پر مجھ سے میرا موبائل فون اور نقدی چھین لی، ابھی اس واردات کو 20 منٹ ہی گزرے تھے کہ انھی موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے فیڈرل بی ایریا بلاک 10 میں قائم ان کی دوسری دکان پر بھی دھاوا بول کر وہاں سے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ دکاندار محمد عادل نے بتایا کہ مسلح ڈاکو دونوں دکانوں سے مجموعی طور پر 25 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوئے ہیں واردات سے متعلق فوٹیجز میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں کو دیکھا گیا جس میں سے موٹر سائیکل چلانے والا پیلے اور عقب میں سوار ڈاکو سرخ رنگ کی ٹی شرٹ اور جینز کی پینٹ پہنے ہوئے تھا اور وہ دونوں وارداتوں میں اسلحہ تھامے باہر ہی پہرہ دیتا رہا جبکہ پیلی ٹی شرٹ اور سیاہ ٹراؤزز میں ملبوس ڈاکو نے دکانوں میں گھس کر لوٹ مار کی اور اطمینان کے ساتھ اپنے ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مکینوں نے ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایسے پولیس افسران کی تعیناتی کو یقینی بنائیں جو عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں نہ صرف سنجیدہ بلکہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل بھی ہوں۔

جمشید کوارٹر کے علاقے نیو ایم اے جناح روڈ پردہ پارک کے قریب گلی میں کار شوروم کے سیکیورٹی گارڈ 22 سالہ عامر کو 2 نوعمر لڑکوں نے اسلحہ چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے ٹانگ پر گولی لگی تھی۔

واقعہ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ گلی میں اپنے اسلحے کے ہمراہ کرسی پر بیٹھا ہے اور دونوں جانب گاڑیاں پارک ہیں اس دوران گلی میں شلوار قمیص میں ملبوس چہرے پر ماسک لگائے ہوئے 2 نوعمر لڑکے پیدل آتے ہیں اس میں سے ایک ملزم سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینتا ہے اور اس دوران مزاحمت پر اس کا دوسرا ساتھی پستول سے سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیتا ہے۔

ایک ملزم سیکیورٹی گارڈ کی جیب بھی چیک کرتا ہوا دکھائی دیا بعدازاں دونوں ملزمان سیکیورٹی گارڈ کی ایم پی فور رائفل چھین کر پیدل ہی چلے گئے اس حوالے سے جمشید کوارٹر تھانے کے ہیڈ محرر ملک اتفاق نے بتایا کہ ملزمان نے کچھ فاصلے پر موٹر سائیکل کھڑی کی تھی جس پر بیٹھ کر وہ موقع سے فرار ہوگئے ، جس مقام پر ملزمان نے موٹر سائیکل پارک کی تھی وہاں پر کوئی کیمرا نہیں لگا تھا تاہم پولیس ملزمان کے فرار ہونے والے راستوں پر لگے ہوئے کیمرے تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی مدد سے مزید معلومات حاصل کی جا سکے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے نارتھ کراچی خورشید پارک کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 27 سالہ زین العابدین کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا اس حوالے سے خواجہ اجمیر نگری پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثنا پرانی سبزی منڈی یونیورسٹی روڈ عسکری پارک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر سول اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی شناخت 24 ایاز ولد نور محمد کے نام سے کی گئی، پی آئی بی پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں