پی ٹی آئی کا فیصل واوڈا کی نااہلی سے خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان

کل تحریک انصاف کا کوئی رکن ووٹنگ میں حصہ نہیں لے گا، صدر پی ٹی آئی سندھ


ویب ڈیسک March 08, 2022
فیصل واوڈا کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست پر 9 مارچ کو ووٹنگ ہوگی(فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی سے خالی ہونے والی سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر پولنگ کل بدھ کے روز ہوگی جبکہ پی ٹی آئی نے انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے تیاری مکمل کرلی، پولنگ بدھ کو سندھ اسمبلی میں ہوگی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کل سندھ اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور کوئی رکن اسمبلی فیصل واوڈا کی خالی ہونے والی نشست پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لے گا۔

انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ بھی دوہری شہریت پر نا اہل ہو چکے ہیں مگر اُن کے کیس کا فیصلہ اب تک نہیں آیا، اعلی عدلیہ مراد علی شاہ کے کیس پر جلد فیصلہ سنانے کی درخواست کرتے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اور ریٹرننگ افسر سعید گل کے دفتر سے جاری ہونے والی حتمی امیدواروں کی فہرست کے مطابق تحریک انصاف کے آغا ارسلان، پیپلز پارٹی کے نثاراحمد کھوڑو اور 2 آزاد امید واروں میں عاجز دھامرا اور گل محمد جاکھرانی شامل ہیں۔ دونوں آزاد امیدواروں کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے جبکہ تحریک انصاف کے کورنگ امیدوار علی احمد پلھ الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔

سینیٹ کی اس خالی نشست کے لئے پولنگ سندھ اسمبلی بلڈنگ میں صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔

مقبول خبریں