اداروں کے خلاف مہم چلانے والے قانون کی گرفت میں ضرور آئیں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 12 اپريل 2022
پارلیمان کی مدت ڈیڑھ سال ہے، مہنگائی پر قابو اور معیشت کی بحالی بڑا چلینج ہے، شہباز شریف (فائل فوٹو)

پارلیمان کی مدت ڈیڑھ سال ہے، مہنگائی پر قابو اور معیشت کی بحالی بڑا چلینج ہے، شہباز شریف (فائل فوٹو)

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں کی سب کو اجازت ہے مگر انتشار پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، اداروں کے خلاف مہم چلانے والے قانون کی گرفت میں آئیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب صرف پنجاب نہیں پاکستان میں رفتار کے ساتھ کام ہوں گے، پارلیمان کی مدت ڈیڑھ سال ہے، ہم نے کتنا ساتھ رہنا ہے اس کا اتحادی مشاورت کے ساتھ مل کر فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) کی سوچ رہی ہے کہ اصلاحات کے ساتھ الیکشن میں جائیں، ہمارے لیے سب سے بڑا چلینج تباہ حال معیشت کی بحالی اور مہنگائی پر قابو پانا ہے کیونکہ پی ٹی آئی خزانہ خالی چھوڑ کر گئی ہے، مہنگائی کم کرنے کے لیے مختصر مدتی اور میڈیم ٹرم پلان تشکیل دے رہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا نوازشریف کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان

وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کی کابینہ کا حصہ بننے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت ہے تو سب کو شامل کرنا پڑے گا، لیگی وزرا کے قلمدان کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’باتوں سے قومیں نہیں بنا کرتیں،اتوار کو بھی کام کرنا پڑے گا، دو چھٹیاں خوشحال قومیں کرتی ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا قومی اقتصادی کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’آئین شکنوں کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عمل کریں گے، ملک میں سیاسی سرگرمیوں کی سب کو اجازت ہے مگر انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے اگر ایسا ہوا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، ہم کسی کو کچھ نہیں کہیں گے،ادارے اپنا کام کریں گے، اداروں کے خلاف مہم چلانے والے قانون کی گرفت میں آئیں گے‘۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’کشمیر،افغانستان پر بریفنگ پارلیمان میں ہوئی تو لیٹر گیٹ پر کیوں نہیں، مودی کو مشورہ دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کر کے پائیدار امن کی طرف چلیں، عمران خان دوست ممالک کو ناراض کر کے اور تعلقات خراب کر کے گئے ہیں، جو ممالک دوست بننا چاہتے تھے ان سے بھی ہمارے تعلقات خراب ہو گئے جس کو جلد بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی‘۔

اسے بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کل کراچی کا دورہ کریں گے

انہوں نے مزید کہا کہ تارکین وطن ہمارے سفیر ہیں، ان کو ووٹنگ کا پورا حق ہے، گورنر اسٹیٹ بینک کے مستقبل پر بھی مشاورت ہوگی۔

وزیراعظم ہاؤس کو پاکستان ہاؤس میں تبدیل کرنے کا اعلان

شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کو پاکستان ہاؤس میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے بیوروکریسی لائیں گے، بیوروکریسی پر واضح کر دیا ہے کہ میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام کہوں تو منع کر دیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ طعنہ دینے والے دیکھ لیں اللہ نے اچکن پہنا دی ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کی چیرہ دستیاں سب کے سامنے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔