کراچی میں تھانے سے 2 کروڑ 7 لاکھ روپے کی رقم چوری

اسٹاف رپورٹر  بدھ 12 اکتوبر 2022
ایس ایس پی ساؤتھ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل

ایس ایس پی ساؤتھ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل

 کراچی: شہرقائد میں تھانے بھی محفوظ نہ رہ سکے،آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے سے 2 کروڑ 7لاکھ روپے سے زائد رقم چوری کرلی گئی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے مال خانے 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم چوری ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ساؤتھ کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو 7 روزمیں اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کی پابند ہوگی ۔

چوری کی جانے والی رقم کیس پراپرٹی تھی اور گزشتہ 4 ماہ سے آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے میں موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سادہ لباس، باوردی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں 7 سنار طلائی اور نقدی سے محروم

پولیس حکام کے مطابق رواں سال فروری میں داؤد پوتہ روڈ پرسنارسے ساڑھے 3 کروڑروپے لوٹے گئے تھے پولیس نے واردات میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتارکرکے رقم برآمد کی تھی اورمال خانے میں بطور کیس پراپرٹی رکھی تھی۔

ڈی آئی جی شرجیل کھرل نے ایکسپریس کو بتایا کہ مال خانے سے 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم چوری ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کریں گے جبکہ تحقیقاتی ٹیم میں ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ زاہدہ پروین اور ایس پی صدرعلی مردان شاہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تاجر سے ساڑھے 3کروڑ لوٹ لیے گئے

انھوں نے بتایاکہ تفتیشی افسر کی غفلت سامنے آئی ہے ۔ دس اکتوبر کو کیس کی سماعت پر تفتیشی افسر رقم کے ساتھ پیش نہیں ہوا ،11 اکتوبر کو آئی او نے بتایا کہ رقم مال خانے سے غائب ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ مال خانے میں کیس پراپرٹی کی حفاظت کے ذمہ دار4 پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جن میں ہیڈ محررعبداللہ ، تفتیشی افسرمحمود اور مال خانے کی ڈیوٹی پر تعینات پولیس گارڈ شامل ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔