پشاور اور فیصل آباد کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق

رضیہ خان  جمعـء 2 دسمبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزارت صحت کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پشاور اور فیصل آباد کے سیوریج میں پولیو وائرس کے شواہد پائے گئے ہیں۔

وزارتِ صحت کے ذرائع نے کہا کہ پشاور اور فیصل آباد کے سیوریج میں ڈبلیو پی ون کی موجودگی کے شواہد پائے گئے ہیں جبکہ فیصل آباد میں پمپنگ اسٹیشن 3 کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور، فیصل آباد سے پولیو ٹیسٹ کیلئے سیمپلز 11 نومبر 2022ء کو لیے گئے تھے۔ محکمہ صحت کے مطابق پشاور کے علاقے نرے خووڑ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی بھی تصدیق ہوئی۔

وزارت صحت کے مطابق رواں برس 34 ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے خیبرپختونخوا کے 22، پنجاب کے 9، سندھ اور اسلام آباد کے ایک ، ایک نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا۔

واضح رہے کہ سنہ 2021ء میں ملک میں 65 سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس پایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔