چیمپئن ارجنٹائن فٹبال ٹیم کا جشن بدنظمی کا شکار

مشتعل شائقین اور پولیس کے درمیان جھڑپ، بس پر سوار ہونے کی کوشش


Sports Desk December 22, 2022
ایک شخص ہلاک،کھلاڑیوں کو ہیلی کاپٹر پر منتقل کرناپڑا، میسی حادثے سے بچ گئے۔ فوٹو: رائٹرز

ارجنٹائنی فٹبال ٹیم کا ورلڈ کپ جیتنے پر جشن بدنظمی کا شکار ہونے پر اچانک ختم کرنا پڑگیا جب کہ کھلاڑیوں کو بڑے ہجوم سے باہر نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد لینا پڑگئی۔

ارجنٹائن میں 36 برس بعد تیسری ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا، شہر میں اسی مناسبت سے اوپن بس میں فتح پریڈ کا پروگرام ترتیب دیا گیا تاہم بدنظمی کے سبب اسے عجلت میں ختم کرنا پڑا۔

لاکھوں پْرجوش شائقین لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن کے ورلڈ کپ جیتنے والوں کا استقبال کرنے کیلیے نکلے، البتہ بیشتر اس وقت شدید مایوس ہوئے جب اوپن ٹاپ بس پریڈ کو بڑے ہجوم کی وجہ سے ترک کرنا پڑگیا۔

بیونس آئرس کے مضافاتی علاقے سے دارالحکومت کے وسط تک 30 کلومیٹر کے علاقے میں پریڈ کا پروگرام ترتیب دیا گیا تھا، اس دوران ہر میٹر کے ساتھ پْرجوش شائقین کے بہت بڑے ہجوم نے اپنے ہیروز کو خوش آمدید کہا لیکن زیادہ لوگوں کی وجہ سے پریڈ کی رفتار بہت سست رہی، بس تقریباً پانچ گھنٹے تک رینگتی رہی جس کے بعد پلیئرز کو ہیلی کاپٹر میں بٹھاکر وہاں سے منزل تک پہنچایاگیا۔

صدارتی ترجمان گیبریلا سیروٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہجوم کے سبب پریڈ کو زمین پر جاری رکھنا ناممکن تھا،ایسے میں بہت سے افراد کو مایوس گھر واپس لوٹنا پڑا، شائقین کی جانب سے بس میں چڑھنے کی کوشش کرنے پر حکام نے ٹیم کو ہیلی کاپٹر میں بٹھاکر دوسری جگہ منتقل کیا، کچھ شائقین نے پولیس کی کار بھی ہائی جیک کرلی تھی۔

اس موقع پر ہونیوالی بھگڈر میں ایک 20 سالہ شخص ہلاک بھی ہوگیا، اس دوران مشتعل شائقین اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی، کچھ افراد نے بوتلیں اور دیگر چیزیں پولیس پر پھینکیں۔

دوسری جانب ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر کلائوڈیا ٹاپیا نے الزام عائد کیا کہ وکٹری پریڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ پولیس نے کیا، حکام نے ہمیں لوگوں کے ساتھ مل کر خوشیاں مکمل کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا، یہ شرمناک ہے،اس دوران میسی اور ارجنٹائن کے دیگر 4 کھلاڑی پریڈ کے دوران ایک اوور ہیڈ کیبل سے ٹکرانے سے بال بال بچ گئے۔

مقبول خبریں