آسٹریلین اوپن جوکووچ نے 10 ویں ٹرافی اپنے نام کرلی

دلچسپ فائنل میں یونانی حریف اسٹیفانوس ٹیسٹیپاس کو شکست کا سامنا


Sports Desk January 30, 2023
دلچسپ فائنل میں یونانی حریف اسٹیفانوس ٹیسٹیپاس کو شکست کا سامنا۔ فوٹو: اے پی

نووک جوکووچ نے 10 ویں بار آسٹریلین اوپن مینز سنگلز ٹرافی جیت لی، انھوں نے فائنل میں یونانی حریف اسٹیفانوس ٹیسٹیپاس کو بھرپور مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا۔

سیزن کے ابتدائی گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کی مینز سنگلز ٹرافی ٹاپ فیورٹ نووک جوکووچ کے نام ہوگئی، انھوں نے یونانی حریف اسٹیفانوس ٹیسٹیپاس کو شکست دیکر 10 ویں بار میلبورن پارک کے چیمپئن بننے کا اعزاز پایا۔

ان کے کیریئر گرینڈ سلم ٹائٹلز کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی، اس معاملے میں انھوں نے اسپینش اسٹار رافیل نڈال کی ہمسری کرلی، ان کی جیت کا اسکور 3-6، 6-7 ( 7/4 ) اور 6-7 ( 7/5 ) رہا۔

جوکووچ نے کیریئر کا 66 واں بڑا ٹائٹل نام کیا، جس میں اولمپک گولڈ میڈل اور ماسٹرز ٹرافیاں بھی شامل ہیں، انھیں نڈال کے مجموعی طور پر 59 بڑے ٹائٹلز پر 7 ٹرافیوں کی برتری مل گئی، گذشتہ برس لیورکپ میں کھیل کو خیرباد کہنے والے سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے کیریئر میں 54 بڑے ٹائٹلز نام کیے تھے۔

جوکووچ اوپن ایرا میں آسٹریلین اوپن جیتنے والے تیسرے عمررسیدہ کھلاڑی بنے، ان سے قبل دیگر دو کین روسیل اور فیڈرر تھے، انھوں نے یہ کارنامہ 36 برس کی عمر میں انجام دیا تھا۔

سربیئن اسٹار اب تک ٹاپ 5 حریفوں کیخلاف 17 مسلسل میچز جیت چکے ہیں، آسٹریلین اوپن ٹرافی نے انھیں ایک بار عالمی درجہ بندی میں بھی نمبرون پوزیشن کا حقدار بنوادیا، وہ ریکارڈ 374 ویں ہفتے میں اپنی حکمرانی پیر سے شروع کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں