ایم کیو ایم پاکستان کا مردم شماری پرشدید تحفظات کا اظہار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 26 مارچ 2023
کئی علاقوں میں مردم شماری کا عملہ نہیں پہنچا، متعدد علاقوں میں ایک عمارت  کے رہائشیوں کو ایک ہی فرد گنا گیا ہے، رابطہ کمیٹی ( فوٹو؛ فائل)

کئی علاقوں میں مردم شماری کا عملہ نہیں پہنچا، متعدد علاقوں میں ایک عمارت کے رہائشیوں کو ایک ہی فرد گنا گیا ہے، رابطہ کمیٹی ( فوٹو؛ فائل)

  کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مردم شماری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ جن چیزوں کا خدشہ تھا وہی کچھ ہورہا ہے۔ 

ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس  کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے زیر صدارت بہادرآباد مرکز پر ہوا جس میں مردم شماری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

ایم کیو ایم کے ذرائع  کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال ، ضمنی بلدیاتی الیکشن اور مردم شماری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے  مردم  شماری کے عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ جن چیزوں کا خدشہ تھا وہی کچھ ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ کئی علاقوں میں مردم شماری کا عملہ اب تک نہیں پہنچ سکا، متعدد علاقوں میں ایک عمارت  کے تمام رہائشیوں کو ایک ہی فرد گنا گیا ہے جبکہ وزیراعظم سے ملاقات میں اس ایشو کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

رابط کمیٹی  نے اعلان کیا کہ مردم شماری ایم کیو ایم کی ریڈ لائن ہے، اگر آبادی کو صحیح طورپرنہ گنا گیا تو ہم خود گنوائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے اپنے تمام تحفظات وفاقی حکومت اورچیف کمشنر سینسسز کو بتا دیے ہیں اور واضح طور پر پیغام دیا ہے کہ ایم کیو ایم مردم شماری کے حوالے سے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بیشتراراکین نے ضمنی بلدیاتی نشستوں پر حصہ لینے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ  ایم کیو ایم کا حلقہ بندیوں کے حوالے سے موقف درست ثابت ہوا، 53 یوسیز کے اضافے کے بعد ایم کیو ایم مقدمہ جیت گئی ہے اب الیکشن میں جانا چاہیے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے فیصلہ آنے والے دنوں میں کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔