آئی سی سی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے

ویب ڈیسک  اتوار 28 مئ 2023
سال 2004 کے بعد پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے دو ٹاپ آفیشلز پاکستان آرہے ہیں، پی سی بی (فوٹو: ایکسپریس ویب)

سال 2004 کے بعد پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے دو ٹاپ آفیشلز پاکستان آرہے ہیں، پی سی بی (فوٹو: ایکسپریس ویب)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس 2 روزہ دورے پر منگل کو لاہور پہنچیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی آفیشلز سے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیتھی چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) سلمان نصیر اور دیگر حکام سے ملاقات کریں گے۔

جیف ایلرڈائس آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو اور جنرل منیجر کی حیثیت سے پہلے بھی پاکستان آچکے ہیں البتہ گریگ بارکلے کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ میچز بھارت میں نہیں کھیل سکتے، نجم سیٹھی کا دو ٹوک موقف

گریگ بارکلے 15 سال کے عرصے میں پاکستان آنے والے آئی سی سی کے پہلے چیئرمین ہیں، آخری بار 2008ء میں آئی سی سی کے صدر رے مالی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2004ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے دو ٹاپ آفیشلز پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔