برطانیہ؛ خواتین کیساتھ جنسی استحصال پر رکن اسمبلی کو معطل کردیا گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 1 جون 2023
برطانیہ میں 63 سالہ رکن اسمبلی کے خلاف جنسی استحصال کی شکایت پر تحقیقات شروع؛ فوٹو: فائل

برطانیہ میں 63 سالہ رکن اسمبلی کے خلاف جنسی استحصال کی شکایت پر تحقیقات شروع؛ فوٹو: فائل

لندن: برطانیہ میں اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی جیرینٹ ڈیوس کی رکنیت کو معطل کر دیا گیا۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق  لیبر پارٹی نے اپنے سینیئر رکن اسمبلی 63 سالہ جیرینٹ ڈیوس کی رکنیت کم عمر خوتین ارکان اسمبلی اور عملے کے جنسی استحصال اور نازیبا اشارے کرنے پر معطل کی۔

جیرینٹ ڈیوس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ اگر وہ اس جرم کے مرتکب پائے گئے تو ان کی رکنیت منسوخ کی جا سکتی ہے۔

تحقیقات مکمل ہونے تک وہ لیبر پارٹی کے رکن کی حیثیت سے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مکمل طور پر ناقابل قبول رویہ ہے۔ معطل رکن اسمبلی کے خلاف کسی بھی قسم کی شکایت کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

بی بی سی نے پارٹی کے اس فیصلے پر تبصرے کے لیے معطل رکن اسمبلی جیرینٹ ڈیوس سے رابطہ کیا لیکن انھوں نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔

خواتین رکن اسمبلی اور عملے کے ساتھ جنسی استحصال کا الزام سامنے لانے والی نیوز سائٹ نے دعویٰ کیا کہ 5 خواتین نے معطل رکن اسمبلی کے خلاف جنسی استحصال کی تصدیق کی۔

خواتین نے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی گزشتہ 5 برسوں سے شراب کے نشے میں کم عمر خواتین پر جنسی تبصرے کستے اور ناپسندیدہ طور پر چھوتے رہتے تھے۔

ان خواتین نے بار بار منع کرنے کے باوجود باز نہ آنے پر پارٹی ڈسپلن کے انچارج لیبر وہپس سے رکن اسمبلی کی شکایت کی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔