آن لائن حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہ روکنے کا حکم

کورٹ رپورٹر  اتوار 4 جون 2023
سعودیہ سے کوئی وائس میسج کرتاہے توفوراًسنتے ہیں،گھنٹوں بات کرلیتے ہیں،تب سگنل آرہے ہوتے ہیں، چیف جسٹس برہم۔ فوٹو: ایکسپریس

سعودیہ سے کوئی وائس میسج کرتاہے توفوراًسنتے ہیں،گھنٹوں بات کرلیتے ہیں،تب سگنل آرہے ہوتے ہیں، چیف جسٹس برہم۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: ہائی کورٹ نے صوبے میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق درخواست پر آن لائن سسٹم کے ذریعے حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو صوبے میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، سیکریٹری تعلیم اکبر لغاری عدالت میں پیش ہوئے۔

سیکریٹری تعلیم نے بتایا کہ ہم نے اپنی کوششیں کیں اب اساتذہ کی حاضری 77 فیصد ہوگئی ہے،اکثر اساتذہ کے پاس اینڈرائیڈ موبائل فون نہیں ہیں تو کچھ ایپ کا بہانہ بنارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ بھر میں اساتذہ کی بھرتیوں پر مزید کارروائی روکنے کا حکم

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ایپ چلانا نہیں آتی، سگنل نہیں آتے، موبائل نہیں، یہ سارے بہانے ہیں، سعودی عرب سے کوئی وائس میسج کرتا ہے تو وہ سن لیتے ہیں، لوگوں سے گھنٹوں گھنٹوں بات کرلیتے ہیں، تب سگنل آرہے ہوتے ہیں، اساتذہ ٹک ٹاک سے بھی مزے لے رہے ہیں، باقی آن لائن سسٹم پر حاضری کے لیے انٹرنیٹ نہیں ان کے پاس یہ سارے بہانے ہیں جو حاضری نہیں لگا رہا ان سب کی تنخواہیں بند کریں، تنخواہیں بند ہوں گی تو اساتذہ اس فون سے بھی حاضری لگائیں گے۔

عدالت نے آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا، عدالت نے اساتذہ کو آن لائن ایپ پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی، عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکریٹری تعلیم سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سیکریٹری آئی ٹی کو حاضری سسٹم مزید اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔