سندھ میں پولی تھین بیگ کو ری سائیکل کرکے ڈسٹ بن بنانے کا تجربہ کامیاب

تجربہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور برطانوی این جی او کے ’ ہریالی پروجیکٹ ‘ کے تحت کیا گیا


Staff Reporter June 05, 2023
 اس تجربے سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے گی، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ(فوٹو: فائل)

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور برطانوی این جی اوٹیئرفنڈ(TearFund)کے پروجیکٹ ' ہریالی حب ' کے اشتراک سے پولی تھین بیگ کو ری سائیکل کرکے ڈسٹ بن بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز علی شاہ نے عالمی ماحولیاتی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، جی ٹی ایس بلدیہ اور شرافی پر کچرا ری سائیکل کرنے کے دو پلانٹ نصب ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ ان دونوں پائلیٹ پروجیکٹس کے ذریعے کچرے کو ری سائیکل کر کے نامیاتی کھاد، پلاسٹک دانہ، اور پلاسٹک فلیکس پہلے ہی بنایا جا رہا ہے، اب پولی تھین بیگ کو دانے میں تبدیل کرکے دانے سے پلاسٹک کے ڈسٹ بن بنائے گئے ہیں جبکہ دیگر اشیاء بھی بنائی جا سکیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ کچرے کو ری سائیکل کرکے بنائے گئے ڈسٹ بن کا وزن 320گرام جبکہ سائز 10 انچ ہے۔

امتیازعلی شاہ نے مزید بتایا کہ حکومت سندھ کے کچرے سے توانائی بنانے کے پروجیکٹ پر بھی مرحلہ وار کام کا آغاز ہوگا اوراس پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس سلسلے کو مزیدبڑھایا جائے گا اور دیگر اضلاع میں بھی ری سائیکل پلانٹ لگائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے، اس کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں