لاپتا وکیل ریاض حنیف راہی کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 10 جون 2023
وکیل چھ جون کو سپریم کورٹ میں سماعت اٹینڈ کرنے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

وکیل چھ جون کو سپریم کورٹ میں سماعت اٹینڈ کرنے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

 

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق لاپتا ہونے والے ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی کا مقدمہ تھانہ رمنا میں پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ مغوی کی بازیابی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، ‏اگر کسی کے پاس اس سے متعلق معلومات ہوں تو پکار-15 پر رابطہ کریں۔

آئی جی پولیس کو لاپتا وکیل ریاض حنیف راہی کی بازیابی کا حکم

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی پولیس کو لاپتا وکیل کی بازیابی کے لیے پولیس ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ انٹیلی ایجنسیوں سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کر دی اور ایس ایس پی آپریشن کو 12 جون کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائی کوٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے لاپتہ وکیل ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ کی بازیابی کے لیے ان کے بیٹے حافظ محمد اسامہ ریاض کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

حک نامے میں کہا گیا ہے کہ پٹیشنر کے مطابق اس کے والد چھ جون کو سپریم کورٹ میں سماعت اٹینڈ کرنے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ پٹیشنر کو خدشہ ہے کہ اس کے والد کو کچھ افراد یا ایجنسی نے غیر قانونی حراست میں رکھا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئی جی اسلام آباد مبینہ طور پر اغوا کیے گئے وکیل سے متعلق 12 جون تک رپورٹ جمع کرائیں۔ ایس ایس پی آپریشن کو ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے کی ہدایت کریں ۔ وزارت دفاع کے ماتحت انٹیلی جنسی ایجنسیوں اور انٹیلی جنس بیورو سے بھی معلومات اکٹھی کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔