پبلک سروس کمیشن قائم مقام چیئرمین ممبران کے بغیر امیدواروں کے انٹرویو لینے لگے

بورڈ کا کوئی مستقل ممبر انٹرویو پینل میں شریک نہیں رہا، پناعلی کا سبجیکٹ اسپیشلسٹ کے ہمراہ انٹرویوز سے عمل مشکوک ہوگیا


Safdar Rizvi May 29, 2014
ممبران کی نئے چیئرمین کی تقرری تک انٹرویوزروکنے کی تجویز،مستقل بورڈممبران پینل سے الگ،خلاف قواعد ایک رکنی انٹرویوپینل تشکیل۔ فوٹو: فائل

سندھ پبلک سروس کمیشن میں مستقل چیئرمین کی عدم موجودگی سے انتظامی بحران پیدا ہوگیا ہے، قائم مقام چیئرمین بورڈ کے علاوہ تمام بورڈ ممبران نے نئے چیئرمین کی تقرری تک انٹرویو روکنے کی تجویز دی ہے۔

انٹرویو نہ روکنے پر انٹرویو پینل میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، قائم مقام چیئرمین بورڈ پناعلی جمانی نے بورڈ ممبران کی درخواست مستردکرتے ہوئے امیدواروں سے انٹرویو لینے کا سلسلہ خود شروع کردیا ہے، قواعد کے برعکس یہ انٹرویو پینل بورڈ کے ایک رکن پر مشتمل ہے جبکہ دیگر تمام مستقل بورڈ ممبران پینل سے الگ ہوگئے ہیں، سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے سندھ کے سرکاری کالجوں کے اساتذہ کے لیے جاری انٹرویوکا سلسلہ متنازع ہوگیا ہے، ماہرین تعلیم کاکہنا ہے کہ سندھ کے سرکاری کالجوں میں تعطیلات ہونے والی ہیں محکمہ تعلیم فوری تقرری نہیں کرے گا اس صورتحال میںکمیشن کو انٹرویو کی کیا جلدی ہے۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ شخصیت کے سندھ پبلک سروس کمیشن کا سربراہ بنانے کے لیے موجودہ عہدے کی مدت پوری ہونے کا انتظارکیا جارہا ہے جس کے بعدآئندہ ماہ ان کا بحیثیت چیئرمین بورڈ میں تقرر کا امکان ہے، اسی تناظر میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے بورڈ ممبران محمود بھٹی، جاوید بخاری، وسیم احمد اور شمس الدین نے نئے چیئرمین کی تقرری تک انٹرویوکا سلسلہ روکنے اورنئے چیئرمین کی موجودگی میں انٹرویو کروانے کی تجویزدی تھی، تاہم قائم مقام چیئرمین بورڈ پنا علی جمانی نے بورڈ ممبران کی تجویز سے عدم اتفاق کرتے ہوئے انٹریوزکا سلسلہ جاری رکھا جس پر بورڈ ممبران نے انٹرویوپینل سے وقتی طور پر علیحدہ ہوکر انٹرویوز میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق قائم مقام چیئرمین بورڈ پنا علی جمانی نے ایک رکنی مستقل ممبر بورڈ کی بنیاد پر تشکیل شدہ انٹرویو پینل ترتیب دیا ہے جس میں وہ خود ہی رکن اور چیئرمین کی حیثیت سے شریک ہیں، بورڈ کاکوئی دوسرا مستقل رکن پینل میں شریک نہیں ہورہا اور قائم مقام چیئرمین پناعلی جمانی محض سبجیکٹ اسپیشلسٹ کے ہمراہ انٹرویوکررہے ہیں جس کے سبب صوبے میں گزیٹڈگریڈزکی اسامیوں پر میرٹ کے تحت بھرتیوں کے لیے قائم ادارے سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری انٹرویوز مشکوک اور متنازع ہوگئے ہیں۔

قائم مقام چیئرمین بورڈ پنا علی جمانی نے رابطے پر دیگر بورڈ ممبران بورڈ کی انٹرویومیں عدم شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ2 مستقل اراکین بیرون ملک گئے ہوئے ہیں ایک چھٹیوں پر ہیں جبکہ ایک کسی اجلاس میں مصروف ہیں جس پر وہ خود ہی انٹرویولے رہے ہیں، محض ایک مستقل رکن کی بنیاد پر پینل تشکیل دے کرانٹرویو کرنے کے سوال پر پنا علی جمانی نے کہا کہ یہ کوئی بڑے انٹرویونہیں ہیں جس میں تمام مستقل اراکین کی شمولیت لازمی ہو، مقابلے کے امتحان کے انٹرویو یا اس نوعیت کے بڑے انٹرویو میں تمام اراکین شامل ہوتے ہیں۔

مقبول خبریں