تاجرسے 2 کروڑروپے بھتہ طلب کرنے والے 3 ملزمان گرفتار
تینوں ملزمان کا تعلق رحیم یارخان سے ہے، ایک ملزم کی بہن اور ماں تاجر کے گھر کام کرتی تھیں، عزیزآباد پولیس
عزیزآباد پولیس نے تاجر سے 2 کروڑ روپے بھتہ طلب کرنے والے 3 ملزمان کوگرفتارکرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کوتکنیکی اورہیومن انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے بعد گرفتارکیا گیا،گرفتارملزمان نے تاجرکی گاڑی پرفاٸرنگ کی تھی۔ ملزمان نے عزیزآباد کی حدود میں ڈائینگ فیکٹری کے مالک عمر ضیاء الدین سے 2 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا تھا، بھتہ طلب کرنے سے قبل 27 دسمبر کو گرفتارملزمان نے تاجرکی گاڑی پر فاٸرنگ کی تھی اور28 دسمبر کو گرفتار ملزمان نے تاجر کو کال کرکے بتایا کہ فائرنگ انہوں نے کی تھی اگر اپنی اور اپنے والد کی جان پیاری ہے تو 2 کروڑ روپے بھتہ ادا کرے۔
تاجر کی بروقت اطلاع پر عزیزآباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ 861/2023 دفعہ384،385 اور 25 ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت عزیزآباد تھانے میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا تھا۔ پولیس نے تکنیکی اور ہیومن انٹیلیجنس بیسڈ پر تاجر سے بھتہ طلب کرنے والے 3 ملزمان محمد عامر ولد غلام قاسم، فدا حسین ولدغلام نازک اور محمد حاجی ولد محمد رفیق کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ جس سے فائرنگ کی گئی تھی سمیت بھتہ کے لیے استعمال ہونے والی 3 مختلف سمزاورموبائل فون بھی برآمد کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتارملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ ملزم محمد عامرکی والدہ اوربہن تاجر کے گھر میں کام کرتی تھیں جس سے تاجر کے بارے میں معلومات اکٹھی کیں، گرفتار تینوں ملزمان کا تعلق ضلع رحیم یارخان فتح پورسے ہے جبکہ ملزمان کا 3 رکنی گروہ اس سے قبل کبھی گرفتار نہیں ہوا، فائرنگ سے قبل فدا اور حاجی نے تاجر کی ریکی تھی اور تاجر کو خوفزدہ کرنے کے لیے اس پر فائرنگ کی تھی۔ گرفتار ملزمان نے بھتہ طلب کرنے کے لئے صغیر نامی شخص کے نام رجسٹرڈ 3 سمز استعمال کیں۔