وزیراعظم بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر برہم دورانیہ کم کرنے کی ہدایت

متعلقہ وزارت سے رپورٹ طلب، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم، 12 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی عذاب بنا دی


متعلقہ وزارت سے رپورٹ طلب، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم، 12 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی عذاب بنا دی فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے رمضان المبارک میں بجلی کی غیراعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ پر اظہار برہمی کیا ہے۔

وزارت پانی و بجلی سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے جبکہ جھلسا دینے والی گرمی میں شہروں میں 10 سے 12 جبکہ دیہات میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی عذاب بنا دی، بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف بجلی اور گرمی کے ستائے شہریوں نے جلوس نکالے، قصور میں پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی اور ان پر لاٹھی چارج کیا، اوکاڑہ میں شہریوں نے گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا ، 2 افراد گرمی برداشت نہ کر سکے اور چل بسے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے رمضان المبارک میں بجلی کی غیراعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ پر اظہار برہمی کیا ہے اور وزارت پانی و بجلی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، وفاقی حکومت نے رمضان المبارک سے قبل سحری و افطار ی کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا مگر یہ سلسلہ جاری رہا جس پر وزیراعظم نے اظہار برہمی کرتے ہوئے وزارت پانی وبجلی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر فوری رپورٹ پیش کریں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر سسٹم کی اپ گریڈیشن کر کے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ختم کیا جائے نیز جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے وہاں پانی کی قلت کو بھی دور کیا جائے۔

ادھر دن کے وقت جھلسا دینے والی گرمی میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل بندش سے روزہ دار بلبلا اٹھے، ہڑپہ میں ہر گھنٹے کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، شدید گرمی سے 20 سے زائد خواتین و افراد اور بچے بیہوش ہوگئے۔ شیخوپورہ ،کھڈیاں اور گردونواح میں 18سے20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، رات کے اوقات میں بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، قصور میں مسلسل چار چار، پانچ پانچ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کیخلاف تاجر وں نے لیسکو کیخلاف جلوس نکالا اور نعرے بازی کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا، تشدد سے ایک شہری کی ٹانگ ٹوٹ گئی، اوکاڑہ میں سینکڑوں افراد نے واپڈا گرڈ اسٹیشن کا گھیرائو کیا اور سامان توڑ پھوڑ ڈالا، اس دوران گرڈ کا عملہ اور افسران بھاگ گئے مظاہرین نے گرڈ کا گھیرائو تین گھنٹے تک کئے رکھا۔

مظاہرین پولیس سے مذاکرات کے بعد منتشر ہوگئے، مظاہرے سے ٹریفک بھی معطل رہی۔ لاہور میں کینال روڈ' گڑھی شاہو' اندرون لوہاری' ہربنس پورہ' اقبال ٹائون' اسلامپورہ او ردیگر مقامات پر مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک کا نظام معطل کئے رکھا او رحکومت اور واپڈا کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ سیالکوٹ کے کئی علاقوں میں پورا دن بجلی بند رہی، باجوڑ ایجنسی کے زیادہ تر علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

آن لائن کے مطابق نوشہرہ اور رسالپور میں سول بازار سلطان گڑھی کے سینکڑوں مشتعل مظاہرین نے بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف نوشہرہ مردان جی ٹی روڈاور مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ بلاک کر دی۔کراچی میں بھی بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لالہ موسیٰ میں جی ٹی روڈ مظاہرین نے بند کردی۔ رینالہ خورد میں لوڈشیڈنگ کے باعث گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے بستی رحیم بخش اور نواحی گاؤں 4 جی ڈی کے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

مقبول خبریں