دبئی میں دنیا کی پہلی ماحول دوست مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

مسجد کو ماحول دوست بنانے کے لیے شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کے نظام سے استفادہ کیا جائے گا


ویب ڈیسک July 22, 2014
اس منفرد مسجد میں شمسی تونائی کے ذریعے بجلی کی سپلائی اور استعمال کیلئے پانی کو ٹھنڈا و گرم کیا جائے گا۔ فوٹو: العربیہ ڈاٹ نیٹ

ISLAMABAD: متحدہ عرب امارات کے سیاحتی اور عالمی تجارتی مرکز دبئی میں ایک منفرد مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جو اسلامی دنیا کی پہلی ماحول دوست مسجد ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اوقاف فاؤنڈیشن اور امریکی گرین بلڈنگ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تعمیر کی جانے والی یہ منفرد مسجد 45 ہزار مربع فٹ پر قائم کی جائے گی جس میں ایک وقت میں 3 ہزار 500 افراد باجماعت نماز ادا کرسکیں گے، مسجد کو ماحول دوست بنانے کے لیے شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کے نظام سے استفادہ کیا جائے گا اور مسجد کے بیرونی ستونوں کے ساتھ شمسی توانائی کے پینل اور ری چارج ہونے والی بیٹریاں نصب کی جائیں گی جو خود کار طریقے سے مسجد کو بجلی کی فراہمی کے ساتھ پانی کو حسب ضرورت گرم اور ٹھنڈا کرنے کے لیے بجلی فراہم کریں گی، شمسی توانائی پینل سے حاصل ہونے والی بجلی کی بچت کا نظام متعارف کرایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے زیادہ وولٹیج کے بلب اور لائٹس کے بجائے انرجی سیور استعمال کیے جائیں گے۔

مسجد کی ایک انوکھی خصوصیت یہ بھی ہوگی کہ اس میں پانی کا کم سے کم استعمال ہوگا، وضو گاہ اور بیت الخلا کو فراہم کردہ پانی خود کار طریقے سے نلکوں میں جائے گا اور اتنا ہی خارج ہوگا جتنا کہ وضو کے لیے ضرورت ہو گی۔ اس کے علاوہ فلٹر سسٹم کے ذریعے وضو کے استعمال شدہ پانی کو دورباہ قابل استعمال بھی بنایا جاسکے گا۔

مقبول خبریں