کراچی: لانڈھی میں گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی سے بھاری مالیت کا سامان خاکستر

فیکٹری میں دھواں بھرنے سے فیکٹری ملازمین سمیت 5 سے زائد افراد شدید متاثر



کراچی:

لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی سے بھاری مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔

منگل کی صبح عوامی کالونی تھانےعلاقے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب گارمنٹس فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی، فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع پرپولیس اورریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور فوری طورپرکے ایم سی فائر بریگیڈ اورریسکیو 1122 کی ٹیموں کو طلب کرلیا گیا۔

کے ایم سی فائر بریگیڈ اورریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پرپہنچ کرآگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا، آگ فیکٹری کی تیسری منزل پرواقع بڑے اسٹور و کٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں لگی تھی، آگ کے باعث فیکٹری میں دھواں بھرجانے کے وجہ سے فیکٹری کے ملازم سمیت 5 سے زائد افراد کی حالت غیرہوگئی جنہیں فوری اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے اسموک انجیکٹرکی مدد سے فیکٹری سے دھواں باہر نکالا، فیکٹری میں لگنے والی آگ پرتین گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پا لیا گیا، اس دوران  فیکٹری میں موجود بھاری مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔

مقبول خبریں