کراچی، مبینہ پولیس مقابلوں میں 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد

ملزمان پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے اور فرار کے بعد سول اسپتال میں جھوٹا بیان دے کر داخل ہوئے، ایس ایس پی



کراچی:

شہر قائد میں پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا

سائٹ ایریا میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد فرار ہونے والے 2 زخمی ملزمان کو کیماڑی پولیس نے سول اسپتال کراچی سے گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کے مطابق، دونوں ملزمان کچھ دیر قبل سائٹ ایریا میں شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقابلہ ہوا۔

ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، جبکہ جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔

مزید پڑھیں: کراچی، لانڈھی میں مبینہ پولیس مقابلہ، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان سول اسپتال میں علاج کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے عملے کو بتایا کہ انہیں بلدیہ میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران گولیاں لگیں۔

تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں شناخت کر لیا اور اسپتال میں چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے اور فرار کے بعد سول اسپتال میں جھوٹا بیان دے کر داخل ہوئے۔

جبکہ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ روڈ پر کے الیکٹرک آفس کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

چھیپا حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 32 سالہ شہزاد ولد منظور اور 24 سالہ اقبال ولد گل رحیم کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، پانچ مسروقہ موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

 

مقبول خبریں