کراچی:
جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے ایم فل اور پی ایچ ڈی 2025 کے کے ایڈمیشن پروگرام میں 10 کے قریب شعبوں میں ڈاکٹریٹ پروگرام کے داخلے روک دیے ہیں یہ داخلے متعلقہ شعبوں میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی مطلوبہ تعداد موجود نہ ہونے کی بنا پر روکے گئے ہیں، اس سلسلے میں فیصلہ بورڈ برائے ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے وائس چانسلر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔
"ایکسپریس" سے بات چیت کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے داخلے روکے جانے کی تصدیق کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل یونیورسٹی نے لاء اسکول میں بھی پی ایچ ڈی کے داخلے روکے تھے کیونکہ مذکورہ شعبے میں بھی پی ایچ ڈی مطلوبہ تعداد میں موجود نہیں، اگر ہم ان شعبوں میں داخلے دے دیتے ہیں تو یہاں طلبہ کو ریسرچ اور کورس ورک کرانے کے لیے بھی پی ایچ ڈی فیکلٹی موجود نہیں ہوگی۔
اس لیے یہ فیصلہ عارضی طور پر فیکلٹی کی دستیابی تک کیا گیا ہے جن شعبوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلے روکے گئے ہیں ان میں ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنس، کرمنالوجی، شیخ زید اسلامک ریسرچ سینٹر(اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس پروگرام) جبکہ جن شعبوں میں پی ایچ ڈی پروگرام روکے گئے ہیں اور صرف ایم فل آفر کیا جارہا ہے ان میں انگریزی لسانیات، جنرل ہسٹری، انٹرنیشنل ریلیشن، فارمیسی پریکٹس، شیخ زید اسلامک ریسرچ سینٹر، پاکستان اسٹڈی سینٹر اور میرین ریفرنس کلیشن اینڈ ریسورس سینٹر شامل ہے۔
واضح رہے کہ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے، داخلہ فارم 7 جولائی تک پورٹل پر جمع ہوں گے اور داخلہ ٹیسٹ 27 جولائی کو ہوگا، ایم فل کے ٹیسٹ کا پاسنگ اسکور 50 فیصد جبکہ پی ایچ ڈی کا 60 فیصد ہے۔