موٹروے پولیس اہلکار پر ڈمپر ڈرائیورز کا تشدد، 4 گرفتار، ویڈیو بھی سامنے آگئی

15 سے 20 ڈرائیورز نے پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس حکام


صالح مغل June 24, 2025

راولپنڈی:

جی ٹی روڈ باہتر کے قریب ڈمپر ڈرائیورز کی جانب سے موٹروے پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سامنے آگئی جبکہ دو ڈمپرز سمیت چار ڈرائیورز و ہیلپرز کو گرفتار کر لیا گیا۔

ویڈیو میں ڈنڈے اور لوہے کی راڈ اٹھائے افراد کو باوردی پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ موٹر وے پولیس اہلکار جان بچانے کے لیے منت سماجت کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈمپر ڈرائیورز تشدد کرنا نہیں چھوڑتے تو تنہا پولیس اہلکار بھاگ کر دکان میں پناہ لیتا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس عملہ ڈمپرز کے خلاف اوور لوڈنگ مہم میں مصروف تھا کہ 40 کے قریب ڈرائیور اور عملے نے موٹروے پولیس ٹیم سے مزاحمت کی، 15 سے 20 ڈرائیوروں نے پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈی ایس پی کی قیادت میں موٹروے پولیس ٹیم نے محبوس اہلکار کو آزاد کروایا، چار ڈمپر ڈرائیورز کو تحویل میں لیکر دو ڈمپر بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس مزاحمت تشدد اور کار سرکار میں مداخلت پر ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی کروائی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں