لیاری سے تعلق رکھنے والی نوجوان لیڈی باکسر عالیہ سومرو کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں موصول ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔
عالیہ سومر کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں ملنے کے معاملے پر ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے لیڈی باکسر سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ترجمان سٹی ڈیویژن پولیس کے مطابق ایس ایس پی سٹی نے باکسر عالیہ سومرو سے پیش آنے والے واقعے پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ایس ایس پی سٹی نے متعلقہ ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او کو فوری طور پر سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اس موقع پر ایس ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ اگر متاثرہ باکسر کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کی خواہاں ہیں تو پولیس انہیں مکمل قانونی معاونت فراہم کرے گی۔
لیڈی باکسر عالیہ سومرو نے پولیس پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق پولیس متاثرہ شہریوں کی ہر ممکن مدد کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔