کامران ٹیسوری نے قائم مقام گورنر کے اختیارات کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چلینج کردیا

ہائیکورٹ نے قائم مقام گورنر کے اختیارات کے حوالے سے فیصلہ دیا تھا


کورٹ رپورٹر June 25, 2025

گورنر سندھ کامران  خان ٹیسوری نے قائم مقام گورنر کے اختیارات کے حوالے سے ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چلینج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کامران خان ٹیسوری نے  بیرسٹر عابد زبیری کے توسط سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔

 آئینی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ کو اجلاس کرنے سے روکا نہیں گیا۔ تصاویر اور ویڈیو سے واضع  ہے قائم مقام گورنر کو مکمل پروٹوکول دیا گیا۔

انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ آئین میں قائم مقام گورنر کا دائرہ اختیار طے ہے۔ 2015 کے قانون کےتحت قائم مقام شخص گورنر ہاؤس استعمال نہیں کرسکتا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے اویس قادر شاہ کی اپیل پر جلد بازی میں فیصلہ کرکے درخواست نمٹائی اور ہمیں سنے بغیر فیصلہ سنایا لہذا اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ 

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری ذرائع کے مطابق درخواست کی سماعت اسلام آباد میں ہوگی۔ یہ آئینی معاملہ ہے، پرنسپل بینچ میں ہی سماعت ہوگی۔

مقبول خبریں