نیوزی لینڈ ہاکی ٹیم پرو لیگ سے دستبردار، پاکستان کیلئے ٹورنامنٹ میں شرکت کا دروازہ کھل گیا

ایف آئی ایچ نے پاکستان کو باقاعدہ دعوت نامہ بھجوادیا



لاہور:

نیوزی لینڈ ہاکی ٹیم پرو لیگ سے دستبردار ہوگئی، پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے ٹورنامنٹ میں شرکت کا دروازہ کھل گیا۔

ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ ہاکی فیڈریشن نے باقاعدہ طورپر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو تحریری طورپرلکھ کر دے دیا ہے کہ ان کی ٹیم پرو ہاکی لیگ میں حصہ نہیں لے گی۔

نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد اب ایف آئی ایچ نے پاکستان کو باقاعدہ طور پر مدعو کرنے کے لیے دعوت نامہ بھیج دیا ہے۔

 ترجمان ایف آئی ایچ کے مطابق نیوزی لینڈ ہاکی فیڈریشن نے نیشز کپ جیتنے کے باوجود پروہاکی لیگ میں عدم دستیابی سے آگاہ کردیا ہے۔

رولز کے تحت اب نیشنز کپ کی سلورمیڈلسٹ ٹیم  پاکستان کی ہاکی فیڈریشن کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی دستیابی  کے بارے میں آگاہ کرے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بارہ اگست تک دعوت نامہ قبول کرنے یا مسترد کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایف آئی ایچ نے نیوزی لینڈ حکام کو اپنی دستیابی کے بارے میں اکیس جولائی کی ڈیڈ لائن دے رکھی تھی۔

نیشز کپ میں نیوزی لینڈ نے کامیابی کے بعد پروہاکی لیگ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، پاکستان ٹیم دوسرے نمبر پر رہی تھی۔

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پہلے ہی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پرو لیگ کےلیے 70 کروڑ روپے کی گرانٹ درکار ہوگی۔

مقبول خبریں