چائنا پورٹ سے لڑکے اور لڑکی کی لاشیں ملنے کا واقعہ، گجرانوالہ سے 4 مشتبہ افراد گرفتار

میرے بیٹے کوقتل کیاگیا، سوشل میڈیا سےلاشیں ملنے کا علم ہوا، ہمیں انصاف چاہیے،حکومت ہمیں تحفظ فراہم کرے، مقتول کی والدہ


شاہ میر خان July 29, 2025
فوٹو: اسکرین گریب

کراچی:

سی ویو کے قریب چائنا پورٹ سے لڑکے اور لڑکی گولیاں لگی لاشیں ملنے کے کیس میں کراچی پولیس نے پنجاب میں کارروائی کرکے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا نے بتایا کہ کراچی پولیس کی ٹیم گوجرانوالہ پہنچ گئی اور چار افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد میں ثنا آصف کا بھائی وقاص اور دیگر افراد شامل ہے اور قتل ہونے  والے ساجد کا والد بھی کراچی پہنچ گیا اور پولیس نے ان کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ عارف مسیح نے گوجرانوالہ میں پیش آنے والے واقعات کا بھی ذکر کیا ہے، باپ کے بیان کے بعد اب قتل کے مقدمے میں چند افراد کو نامزد بھی کیا جائے گا۔

مقتول ساجد کی والدہ اور دیگر خواتین نے بوٹ بیسن تھانے کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں ساجد اور ثنا کی شادی کا معلوم نہیں تھا۔

ساجد کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے کو قتل کردیا گیا، اب ہمیں بھی خطرہ ہے، ہمیں سوشل میڈیا سے لاشیں ملنے کا معلوم ہوا، ہمیں انصاف چاہیے اور حکومت ہمیں تحفظ فراہم کرے۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع سی ویو کے قریب چائنا پورٹ سے لڑکی اور لڑکے کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی تھیں اور پولیس نے لاشیں تحویل میں لے لی تھیں اور اسپتال میں لڑکے کی شناخت ساجد مسیح اور لڑکی کی ثنا کے نام سے ہوئی تھی اور دونوں کا تعلق پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ کے ایک گاؤں سے بتایا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا تھا کہ گوجرانوالہ میں لڑکی کے خاندان سے رابطہ کیا اور اس کے بعد گوجرانوالہ پولیس نے لڑکی کے بھائی وقاص کو حراست میں لے لیا اور اسی نے بہن کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا اور ساجد سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا تھا۔

مقبول خبریں