بیٹے کی رنگت پر تنقید کرنے والوں کیخلاف اداکارہ کی قانونی کارروائی

دیوولینا نے سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کیا ہے


ویب ڈیسک August 06, 2025

بھارتی اداکارہ دیوولینا بھٹاچارجی نے بیٹے کی رنگت پر تنقید کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرامہ سیریل میں "گوپی بہو" کے کردار سے شہرت حاصل  کرنے والی ٹی وی ڈراموں کی اداکارہ دیوولینا بھٹاچارجی نے اپنے نومولود بیٹے کی رنگت پر تنقید اور سوشل میڈیا پر طنز کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیٹے کی پیدائش کے بعد سے اداکارہ سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہی ہیں، تاہم متعدد صارفین نے بچے کی رنگت پر نازیبا تبصرے کیے اور طنز و تنقید کا نشانہ بنایا۔ جس پر اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی رنگت پر تنقید اور اسے سوشل میڈیا پر ٹرول کرنے والوں کو قانونی طور پر سخت جواب دیں گی۔ 

اداکارہ نے کہا کہ بطور پبلک فگر وہ خود پر ہونے والی تنقید کو برداشت کر لیتی ہیں، تاہم ان کے بیٹے کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے نسل پرستانہ رویے کو جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دیوولینا نے سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کیا ہے اور نازیبا تبصروں کے اسکرین شاٹس فراہم کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ دیوولینا نے دسمبر 2022 میں اپنے جم ٹرینر شاہ نواز شیخ سے شادی کی تھی، اور دسمبر 2024 میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

 

مقبول خبریں