صدرِ پاکستان نے ایف بی آر کے خلاف ہمارے 98 فیصد فیصلوں کو برقرار رکھا، وفاقی ٹیکس محتسب

ایف ٹی او کی سفارشات پر ایف بی آر نے 12 ارب کے جائز ریفنڈز شکایت کنندگان کو جاری کیے، ڈاکٹر آصف محمود جاہ


ارشاد انصاری August 18, 2025

اسلام آباد:

وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) ڈاکٹر آصف محمود جاہ کا کہنا ہے کہ صدرِ پاکستان نے ایف بی آر کے خلاف ایف ٹی او کے 98 فیصد فیصلوں کو برقرار رکھا اور ایف بی آر کی جانب سے ایف ٹی او کے فیصلوں کے خلاف کی گئی تقریباً تمام اپیلیں مسترد کردیں، ایف ٹی او کی سفارشات پر ایف بی آر نے 12 ارب روپے سے زائد کے جائز ریفنڈز شکایت کنندگان کو جاری کیے۔

یہ بات انہوں ںے اپنی تصنیف کردہ تازہ کتاب محتسب کی ڈائری کی تقریب رونمائی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب میں کہی۔ تقریب میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس بیوروکریٹس، تاجر برادری کے رہنما، دانشور، طلباء اور سماجی کارکنوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وفاقی ٹیکس محتسب کا کہنا تھا کہ ایف ٹی او آفس نے شکایات درج کرانے والے ٹیکس دہندگان کو عزت دی اور ان سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی، ایف بی آر بیشتر فیصلوں پر عمل درآمد کر رہا ہے اور باقاعدگی سے تعمیلی رپورٹس بھی جمع کرا رہا ہے، ڈاکٹر جاہ نے ایف ٹی او آفس کی تبدیلی کے عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کس طرح سخت مزاج بیورو کریسی کو میرٹ پر ٹیم سازی، شفافیت اور مستقل مزاجی کے ذریعے اصلاحات کی طرف لایا گیا، ان کے بقول یہی عوامل ریکارڈ کامیابی کی بنیاد بنے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان کی مدتِ کار کے دوران غیر معمولی ریکارڈ قائم ہوئے، 2021 میں 3 ہزار 38 شکایات موصول ہوئیں، 2022 میں 6 ہزار چار سو اسی، 2023 میں 8 ہزار 76، 2024 میں 13 ہزار 506 اور یکم جنوری 2025 تک مجموعی شکایات کی تعداد 25 ہزار تک پہنچ گئی اور 2021 سے 2025 تک مجموعی طور پر 50 ہزار 904 شکایات درج ہوئیں جن میں سے 44 ہزار 370 نمٹائی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس، گزشتہ 20 برس میں (2001 تا 2020) میں صرف 37 ہزار 118 شکایات درج ہوئیں اور 26 ہزار 228 نمٹائی گئیں، یہ اعداد و شمار نہ صرف غیر معمولی بہتری کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ اس عزم کو بھی نمایاں کرتے ہیں کہ ٹیکس دہندگان کو بروقت انصاف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او کا مقصد مسائل کی نشاندہی، تحقیقات اور ناانصافیوں کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ دیرپا اصلاحات کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ ڈاکٹر آصف جاہ نے اپنی فلاحی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کس طرح کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے پسماندہ طبقات کی مدد کی گئی۔

مقررین نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے دوران اور ترکی میں زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف آپریشنز میں مقررین نے ڈاکٹر جاہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ناصر قریشی نے ٹیکس ریفنڈز سمیت تاجروں کی دیگر شکایات پر وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ کتاب ٹیکس کے نظام میں شفافیت اور اخلاقی طریقوں کو فروغ دینے کے لیے قابل قدر بصیرت فراہم کرتی ہے۔

نیشنل بک فاوٴنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیرنے ان کی دیانت، لگن اور اپنے والد مرحوم محمد بشیر احمد سے والہانہ عقیدت کو ان کی کامیابی کا اصل راز قرار دیا۔

انہوں نے ڈاکٹرآصف جاہ کے بچوں کے تعاون کو بھی سراہا جن کی وجہ سے وہ اپنے سرکاری فرائض اور فلاحی سرگرمیوں کے درمیان توازن قائم رکھنے میں کامیاب رہے۔

آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ ڈاکٹرآصف جاہ نے ٹیکس دہندگان کی شکایات دور کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ان کی ذاتی طور پر تاجر برادری سے قریبی وابستگی اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ وہ ان کے خوشی و غم کے مواقع پر بھی شریک ہوتے رہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ آئی سی سی آئی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جبکہ پالیسی سازوں کو کاروبار دوست اصلاحات کے لیے مسلسل شامل کرتا ہے، آئی سی سی آئی کے صدر نے یہ بھی بتایا کہ چیمبر میں نادرا، ٹی ڈی اے پی، پولیس، آئیسکو اور ایف ٹی او سمیت متعدد سہولت کاری ڈیسک موجود ہیں، جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات کے تحت اس نے پراپرٹی مالکان اور کمرشل کرایہ داروں کے درمیان تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے ثالثی کونسل قائم کی ہے جس سے دارالحکومت میں منصفانہ اور مستحکم کاروباری ماحول کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

معروف شاعر اور وفاقی محتسب میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گورننس کمشنر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے محاسب کی ڈائری کا خلاصہ بیان کیا۔ سابق ممبر کسٹمز رمضان بھٹی اور سابق ممبر انکم ٹیکس سلمان نبی نے بھی کتاب پر اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ 2021 تا 2025 کے اس سفر کو ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے نہایت خوبصورتی کے ساتھ قلم بند کیا ہے۔

 

مقبول خبریں