کراچی:
شہر قائد میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دو مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
دونوں ملزمان سے اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
پہلا واقعہ نارتھ کراچی جمعرات بازار کے قریب پیش آیا جہاں اجمیر نگری پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبدالہادی کے نام سے کی گئی ہے جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ملزم کے قبضے سے پستول، نقد رقم، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری کارروائی سکھن بھینس کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب ہوئی جہاں دو طرفہ فائرنگ کے بعد پولیس نے ایک اور ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت علی گل کے نام سے ہوئی ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ملزم کے قبضے سے بھی اسلحہ، کیش رقم اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ کو فرانزک تجزیے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ ملزم کی ماضی کی سرگرمیوں کا کھوج لگایا جا سکے۔
تیسری کارروائی کورنگی ساڑھے پانچ لنک روڈ پر ہوئی جہاں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جس کی شناخت لیاقت کے نام سے کی گئی ہے۔