کراچی: گلشن اقبال میں فلیٹ سے تین خواتین کی لاشیں برآمد، مرد تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

ایک خاتون کی لاش کئی دن پرانی جبکہ دو خواتین کی لاشیں چند گھنٹے پرانی معلوم ہوتی ہیں، پولیس


شاہ میر خان December 07, 2025

کراچی:

گلشن اقبال میں حرمین رائل ریزیڈنسی کے ایک فلیٹ سے تین خواتین کی لاشیں ملنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کی اطلاع گھر میں موجود جاں بحق ہونے والی خاتون کے بیٹے نے پولیس کو دی جس کے بعد پولیس، کرائم سین یونٹ اور متعلقہ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

چھیپا ذرائع کے مطابق لاشوں اور ایک متاثرہ شخص کی شناخت 52 سالہ ثمینہ، 22 سالہ ماہا، 19 سالہ ثمرین اور 30 سالہ یاسین کے ناموں سے ہوئی ہے، جن میں یاسین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی خواتین آپس میں ماں، بیٹی اور بہو ہیں۔

ایس ایس پی ضلع شرقی زبیر نذیر شیخ کے مطابق ایک خاتون کی لاش کئی دن پرانی معلوم ہوتی ہےجبکہ دو خواتین کی لاشیں چند گھنٹے پرانی معلوم ہوتی ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خواتین کی موت کسی زہریلی چیز کھانے سے ہوئی، تاہم جائے وقوعہ سے ابھی تک ایسے شواہد نہیں مل سکے جن سے موت کی وجہ کا حتمی تعین کیا جا سکے۔

لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔ پولیس کے مطابق یہ خاندان کچھ عرصہ قبل رینچھور لائن سے گلشن اقبال منتقل ہوا تھا جبکہ گھر کے سربراہ کی ذہنی حالت بھی درست نہیں۔

دوسری جانب رہائشی پروجیکٹ کی انتظامیہ نے میڈیا کو عمارت میں داخلے سے روک دیا ہے جبکہ پولیس واقعے کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے کر رہی ہے۔

واقعہ پر وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کا سخت نوٹس

گلشن اقبال کے فلیٹ سے لاشیں ملنے کے واقعے پر وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے سخت نوٹس لے لیا۔

وزیر داخلہ نے ایس ایس پی ضلع شرقی سے واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جائیں جبکہ فلیٹ سے بے ہوشی کی حالت میں ملنے والے شخص کی طبی حالت اور بیان کو بھی تحقیقات میں شامل کیا جائے۔

ضیاءالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات تشویشناک ہیں، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔

 

مقبول خبریں