ابھرتی ہوئی اداکارہ حبا علی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شادی شدہ خواتین کو ایک اہم مشورہ دیدیا۔
حبا علی نے نہ صرف خواتین کی اُس عادت کی نشاندہی کی ہے جو ان کے بقول شادی شدہ زندگی میں بگاڑ کا سبب بن رہی ہے بلکہ اس کا حل بھی بتایا۔
میزبان نے حبا علی سے سوال کیا کہ آج کل میاں بیوی میں علیحدگی یا تعلقات میں بگاڑ کی بڑی وجہ کیا ہے؟
جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ لڑکیوں میں دوسروں سے موازنا کرنے کی عادت اور جلن ان کا گھر خراب کر دیتی ہے۔
اداکارہ حبا علی نے مزید کہا کہ زیادہ تر لڑکیاں اپنے شوہروں کا دوسروں کے ساتھ موازنہ کرنے لگتی ہیں جو ان کے رشتے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے حبا نے اپنی ایک دوست کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ میری دوست کے شوہر نے ایک دن مجھ سے کہا کہ میرا رشتہ صرف اس لیے خراب ہوسکتا ہے کیونکہ میری بیوی ہر وقت دوسروں سے موازنہ کرتی ہے۔
حبا کے بقول کے ان کی دوست کے شوہر نے مزید بتایا کہ میری بیوی بار بار شکوہ کرتی ہے کہ فلاں نے نئی گاڑی خرید لی لیکن تم مجھے نہیں دلا سکے یا فلاں نے برتھ ڈے پر مہنگا ڈریس پہنا تو مجھے بھی ویسا ہی چاہیے۔
حبا علی نے سوشل میڈیا کے خواتین کی سوچ پر منفی اثرات پر کہا کہ آج کل لڑکیاں انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر دوسروں کی زندگی دیکھ کر غیر حقیقی توقعات پال لیتی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ سوچ اور حد سے زیادہ توقعات کہ دوسرے کے پاس یہ چیز ہے تو مجھے بھی چاہیے، رشتوں کو برباد کر دیتی ہے۔
حبا علی نے خواتین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کے معاشی حالات دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں، ہر گھر کے اصول اور حالات بھی الگ ہوتے ہیں۔ اس لیے دوسروں سے موازنہ کریں۔