پشاور:
خیبرپختونخوا میں سیلاب سے سرکاری اداروں کو پہنچے مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، جس کے مطابق صوبائی حکومت کو 20 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
حکومت خیبرپختونخوا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث کے پی حکومت کو 20 ارب روپے سے زیادہ کا مالی نقصان ہوا، صوبے کے 20 محکموں کی 603 سرکاری املاک کو نقصان پہنچا اور بٹگرام میں سب سے زیادہ 214 سرکاری املاک تباہ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق سوات میں 97، باجوڑ میں 65 اور مانسہرہ میں 58 سرکاری عمارتیں متاثر ہوئیں، 37 سرکاری تعلیمی ادارے، 83 سڑکیں اور 10 پل مکمل طور پر تباہ ہوئے، 226 ایریگیشن چینلز، 68 واٹر سپلائی اسکیمیں متاثر ہوئیں۔
صوبائی حکومت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ آب پاشی کو 10 ارب 32 کروڑ80 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔
اسی طرح محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو 3 ارب 43 کروڑ 80 لاکھ، محکمہ تعلیم کو ایک ارب 44 کروڑ90 لاکھ روپے، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو 21 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے تیار کی گئی یہ رپورٹ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ارسال کردی گئی۔