کراچی:
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ہدایت پر نبی اکرم ﷺ کے 1500ویں یومِ ولادت کو شایانِ شان منانے کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔
گورنر ہاؤس میں یکم سے 12 ربیع الاول تک روزانہ حمد و نعت اور قوالی کی روح پرور محافل کا اہتمام کیا جائے گا۔
گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق جید علمائے کرام محافل میں حضور ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالیں گے۔ ان محافل کا مقصد نہ صرف حضور ﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کرنا ہے بلکہ امت مسلمہ کو آپ ﷺ کی روشنی سے بہرہ مند کرنا بھی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گورنر ہاؤس کی عمارت کو برقی قمقموں سے سجایا جا رہا ہے اور اسٹیج کی تیاری بھی آخری مراحل میں ہے۔
اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ اس بابرکت موقع کو باوقار طریقے سے منایا جا سکے۔