وزیراعظم نے300 جانیں بچانے والےگلگت کے 3 شہریوں کو قومی ہیرو قرار دے دیا، فی کس 25 لاکھ انعام

وزیراعظم کی نوجوانوں سے ملاقات، متاثرہ گاؤں کو ماڈل ویلیج بنانے اور جلد گلگت بلتستان کے دورے کی یقین دہانی


ویب ڈیسک August 25, 2025
گلگت بلتستان کے ہیروز کا وزیراعظم کے ساتھ فوٹو (بشکریہ پی آئی ڈی)

وزیراعظم سے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں بروقت اقدامات سے 300 انسانی جانیں بچانے والے  ہیروز وصیت خان، انصار اور محمد خان نے ملاقات کی اور انہیں قومی ہیروز قرار دیتے ہوئے 25 لاکھ روپے فی کس نقد انعام دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وصیت خان، انصار،محمد خان بکرے چرانے کا کام کرتے ہیں جنہوں نے بلندی پر گلوف دیکھتے ہوئے اپنے گاؤں کال کر کے پیشگی اطلاع دی جس کی وجہ سے تین گاؤں کے مکینوں کا بروقت انخلا ہوا اور انسانی جانیں بچ گئیں۔

وزیراعظم نے انسانی جانیں بچانے پر گلگت بلتستان کے تینوں ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں 24 کروڑ عوام کا ہیرو قرار دیا اور تینوں کیلیے 25، 25 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے تینوں افراد کو شاباشی سرٹیفیکیٹ  دیئے اور چند روز میں گلگت بلتستان کے دورے کا عندیہ دیتے ہوئے متاثرہ گاؤں کو ماڈل ویلیج بنانے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہیروز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانیں بچا کر آپ نے خدمت کے جذبے کا اظہار کیا، آپ جیسے لوگ پوری قوم کیلئے مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی پیشگی اطلاع کی بدولت سے  علاقے کو بروقت خالی کروا کر سینکڑوں انسانوں کی جانیں بچائی گئیں، انسانی خدمت کا آپ کا یہ  اقدام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزرات موسمیاتی تبدیلی گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاعات کے نظام پر تیزی سے کام کر رہی ہے، مستقبل کے لئےایسا مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جس سے بروقت اطلاع کی بدولت کسی بھی ہنگامی صورتحال یا سانحے سے بچا جا سکے گا۔

وصیت خان، انصار اور محمد خان نے پذیرائی پر  وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے وہ انسانی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے، جس پر اللہ کے شکر گزار ہیں۔

ملاقات میں وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں