دو ماہ کے دوران بارشوں اور سیلاب سے 831 افراد جاں بحق، کے پی میں 480، پنجاب میں 191 ہلاکتیں

سندھ میں 58، بلوچستان 24، گلگت بلتستان 41، آزاد کشمیر 29، اسلام آباد میں 8 جاں بحق، 35 ہزار افراد کیمپوں میں موجود


ویب ڈیسک August 30, 2025

اسلام آباد:

این ڈی ایم اے نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے تباہی کی رپورٹ جاری کردی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران سیلاب کے باعث 16 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے۔ دو روز کے دوران 13 اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں جب کہ  خیبرپختونخوا، سندھ اور کشمیر میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران طوفانی بارشوں اورسیلاب کے باعث 831 افراد جاں بحق 1121زخمی ہوئے، بارشوں اور سیلاب کے باعث پنجاب میں 191، خیبر پختونخوا میں 480 افراد جاں بحق ہوئے، سندھ میں 58، بلوچستان میں 24 اور گلگت بلتستان میں 41 افراد جاں بحق ہوئے، آزاد کشمیر میں 29، اسلام آباد میں 8 افراد سیلابی پانی کی نذر ہوگئے۔

بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق افراد میں 219 بچے، 128 خواتین اور 484 مرد شامل ہیں۔ سیلاب کے باعث 9 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا، 6 ہزار سے زائد جانور برساتی پانی کی نذر ہوئے۔

سیلاب سے 238 پل اور 661 کلومیٹر کی شاہراہیں پانی میں بہہ گئیں، سیلاب کے باعث 35ہزار افراد کیمپوں میں موجود ہیں، خیبر پختونخوا میں 26ہزار، پنجاب میں 6ہزار، گلگت بلتستان میں 3ہزار افراد کیمپوں میں موجود ہیں۔

امدادی کارروائیوں میں 1880ریسکیو آپریشن کیے گئے،  امدادی ٹیموں نے ریسکیو آپریشنز میں 5لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو، کارروائیوں میں پنجاب میں 4لاکھ 85ہزار، خیبر پختونخوا میں 14ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

مقبول خبریں