کراچی:
شہر قائد میں فائرنگ کے تین علیحدہ علیحدہ واقعات میں بچی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے یہ واقعات گلشن معمار، کورنگی اور سرجانی ٹاؤن کے علاقوں میں پیش آئے۔
گلشن معمار کے علاقے بلاک آر، عجوہ ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ ممتاز کے نام سے ہوئی ہے، جسے چھیپا ویلفیئر کے رضا کاروں نے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، جس میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ممتاز کی ٹانگ پر گولی لگی۔
گلشن معمار پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور مضروب کا بیان قلمبند کیا جا رہا ہے تاکہ فائرنگ کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
دوسرا واقعہ کورنگی بلال کالونی کے قریب پیش آیا جہاں جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 35 سالہ امیر حمزہ زخمی ہو گیا۔ ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمی کو چھرے لگنے سے زخم آئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تیسرا واقعہ سرجانی ٹاؤن اللہ والی پرائیوٹ اسکول کے قریب گھر میں پیش آیا جہاں پراسرار فائرنگ سے بچی زخمی ہو گئی۔
چھیپا حکام کے مطابق بچی کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔