کراچی:
شہر قائد میں شارع فیصل معصوم شاہ مزار کے ڈاکوؤں کو سادہ لباس پولیس اہلکار سے لوٹ مار کی واردات مہنگی پڑ گئی۔
پولیس اہلکار نے جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
شارع فیصل پولیس کے مطابق پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل کاشف سے ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کی گئی تاہم پولیس اہلکار نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے ہلاک ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی تلاش ایپ کی مدد سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
مارے جانے والے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ ، اہلکار سے چھینا گیا موبائل فون اور پرس کے علاوہ دیگر 5 موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ہیڈ کانسٹیل کاشف رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں تعینات ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔