سری لنکا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سنسی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر زمبابوبے کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
زمبابوے نے اوپنر برائن بینیٹ (81) کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ کپتان سکندر رضا 28 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے تین جبکہ نوان تھشارا، مہیش تھیکشانا اور دشن ہیمانتھا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز پتھم نسانکا (55) اور کوشال مینڈس (38) نے 96 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔
تاہم پہلی وکٹ کے بعد صرف دس رنز کے اضافے سے مزید تین وکٹیں حاصل کرکے زمبابوے نے میچ کی صورتحال بدل دی۔
17 اوورز میں 142 رنز پر چھ وکٹیں گنوانے کے بعد کمندو مینڈس نے 16 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوا دی۔
زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگاراوا نے دو جبکہ بلیسنگ مزارابانی، ٹینوٹینڈا مپوسا، بریڈ ایونز اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔