خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 56 کیسز کی تصدیق

اگست میں سب سے زیادہ ڈینگی کیسز چارسدہ میں 714 رپورٹ ہوئے، محکمہ صحت


شاہدہ پروین September 05, 2025
فوٹو: فائل

پشاور:

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید 56 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں رواں سال ڈینگی کے متاثرہ کیسز کی تعداد 1181 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بارش کے باعث بعض اضلاع میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، صرف اگست میں صوبے بھر سے 1115 متاثرہ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مئی میں 8، جون میں 12 اور جولائی میں 35 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسی طرح اگست میں سب سے زیادہ ڈینگی کیسز چارسدہ میں 714 رپورٹ ہوئے، ہری پور 93، مانسہرہ 67، صوابی 43، پشاور 30، کوہاٹ 35، نوشہرہ 22، ایبٹ اباد 21، بونیر17 اور  سوات میں 15کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 14 اضلاع سے کوئی ڈینگی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے ایکٹو 92کیسز ہیں، صوبے میں اب تک کوئی ڈینگی سے موت واقع نہیں ہوئی جبکہ 1089 افراد علاج معالجے کے بعد بہتر ہوچکے ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ تمام ڈی ایچ اوز اور اسپتالوں کو ڈینگی سرویلنس اور فوری رسپانس کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

مقبول خبریں