سابق معروف قومی ٹیسٹ کرکٹرز نے ایشیا کپ میں پاکستان کے حوالے سے اچھی توقعات وابستہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سے مقابلہ دلچسپ ثابت ہوگا لیکن پاکستان کو کامیابی کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، قوم پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرے۔
مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر اور سابق سلیکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ ہمارے دور میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ بہت زیادہ تھی، پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت تشکیل کے مراحل سے گزر رہی ہے، امید ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ کرکٹ ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں، جن میں چار سے پانچ ہارڈ ہٹرز بھی ہیں، کھلاڑیوں کو بھی پیغام مل چکا ہے کہ جیت کو ترسی ہوئی پاکستان کرکٹ ٹیم کو فتوحات سے ہم کنار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم میں تمام11 کھلاڑی ایک ساتھ بہترین کارکردگی پیش نہیں کرسکتے، ہمیں بہترین صلاحیتوں کے حامل فاسٹ بولرحارث رؤف کو اعتماد دینا ہوگا، پوری قوم ایشیا کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرے۔
سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کنڈیشن کے مطابق بولنگ یونٹ مکمل نہیں ہو رہا، اگر ان کنڈیشنر میں اسپنر نہیں کھیلیں گے تو اور کہاں کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تین بولرز کے ساتھ آپ میچ کھیل رہے ہیں، افغان ٹیم سے ہم نے میچ جیت لیا جب کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے اپنا مقابلہ ہمیں تحفے کے طور پر دے دیا، ایشیا کپ میں ایسی غلطیوں کی گنجائش نہیں ہوگی، ہمیں چھوٹی ٹیموں سے ہی نہیں، بڑی ٹیموں سے بھی جیتنا ہوگا۔
کامران اکمل نے کہا کہ بیٹر محمد حارث کا فائدہ ٹاپ تھری میں ہی ہے، صائم ایوب کی بیٹنگ صلاحیتوں سے ہی پہلے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے، بعد ازاں صائم ایوب کی بولنگ صلاحیتوں سے بھی مستفید ہوا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد حارث بیٹنگ میں تیسری پوزیشن کے لیے ہی موزوں ہیں، بھارتی ٹیم کاغذوں میں تو بڑی مضبوط نظر آرہی ہے، خواہش ہے کہ پاکستان بھارت کیخلاف جیتے، تاہم اس کے لیے قومی ٹیم کو محنت کرنا ہوگی۔
ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بولنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داری ادا کرنے والے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، اس وقت بھارت کی ٹیم مضبوط نظر آرہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آپ ایک اچھی بیٹنگ اور بولنگ سے بھی میچ جیت سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام بڑے ایونٹس میں پاکستان کو بولرز کی کارکردگی کی بدولت ہی فتوحات نصیب ہوئیں، ڈیتھ اوور میں ہمیں اپنے بولرز پر کام کرنا ہوگا۔
عمر گل نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان ، ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مداح ایشیا کپ میں ان کی کمی محسوس کریں گے، امکان ہے کہ افغانستان اور سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے گا۔