کراچی: سیلابی ریلے کے باعث شاہراہ بھٹو میں کئی فٹ چوڑا شگاف پڑگیا، پیپلز پارٹی وضاحتیں دینے لگی

ملیر جام گوٹھ کے قریب ملیر ندی میں آنے والا سیلابی ریلا زیر تعمیر شاہراہ بھٹو کو کاٹتا ہوا دوسری جانب نکل گیا


ااسٹاف رپورٹر September 10, 2025

ملیرجام گوٹھ کے مقام پرملیرندی میں آنے والے سیلابی ریلے کے باعث زیر تعمیر شاہراہ بھٹو میں کئی فٹ چوڑا اور کئی فٹ گہرا شگاف پڑگیا جب کہ حکومت سندھ کے ترجمان اس حوالے سے وضاحتیں دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق میمن گوٹھ تھانے کے علاقے ملیرجام گوٹھ کے قریب ملیرندی میں آنے والا سیلابی ریلا زیرتعمیرشاہراہ بھٹو کوکاٹتا ہوا دوسری جانب نکل گیا جس کے باعث شاہراہ بھٹو میں کئی فٹ چوڑا اور کئی فٹ گہرا شگاف پڑگیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق شاہراہ بھٹو پرشگاف پڑنے واقعہ منگل اوربدھ کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔

واقعے کے فوری بعد میمن گوٹھ پولیس اطلاع ملنے پرموقع پرپہنچ گئی تھی اورپولیس نے شاہراہ بھٹو کے اطراف حفاظتی رسی باندھ دی اورکسی بھی غیرضروری شخص کوشاہراہ بھٹو پرآنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو جام گوٹھ کے مقام پر واقع ڈیم پر تعمیر کی جا رہی ہے اور ڈیم کے فرش کو توڑے بغیرسڑک ڈیم کے فرش پر ہی تعمیر کردی گئی ہے اور ملیر ندی میں آنے والا سیلابی ریلا جام گوٹھ ڈیم میں پہنچا تو شاہراہ بھٹو ریلا برداشت نہ کرسکی اورپانی میں بہہ گئی۔

علاقہ مکینوں نے بتایا شاہراہ بھٹو کی تعمیرمیں ملیرندی کی بجری ہی استعمال کئی گئی ہے اور اس سلسلے میں بجری کے ہزاروں ڈمپر ملیرندی سے نکال کر شاہراہ بھٹو تعمیر کی گئی اور بجری نکالنے کے باعث ملیر ندی میں بڑے اور گہرے گڑھے پڑگئے ہیں جو کہ موہنجودڑو کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے بتایاکہ شاہراہ بھٹو اور نئے بند کی تعمیر سے ملیرندی کا قدرتی راستہ تنگ ہوگیا ہے اور جب سیلابی ریلا ملیرندی میں پہنچا توشاہراہ بھٹو برداشت نہ کرسکی اور پانی میں بہہ گئی۔

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے شاہراہِ بھٹو کے ڈوب جانے کی خبروں کی سختی سے تردید کی۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو مکمل طور پر فعال ہے اور ٹریفک رواں دواں ہے، عوام سے گزارش ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ شاہراہ کے بعض بننے والے حصوں میں معمولی اونچ نیچ موجود ہے جسے جلد درست کر دیا جائے گا، نئی شاہراہیں بننے کے بعد معمولی ٹوٹ پھوٹ فطری عمل ہے، جو نشاندہی ہوتے ہی فوراً درست کر دی جاتی ہے، شہر کی مجموعی صورتِ حال بہتر ہے اور کل سے جاری بارش کے باوجود تمام مرکزی سڑکیں کلیئر ہیں۔

‎ان کا کہنا تھا کہ لیاری اور ملیر ندی سے متاثرہ عوام کے لیے سندھ حکومت ہر ممکن تعاون اور بندوبست کر رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

مقبول خبریں