کراچی، فائرنگ سے شہری قتل، ہاکس بے روڈ پر علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج

قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا، مظاہرین


اسٹاف رپورٹر September 11, 2025

کراچی:

شہر قائد میں ماری پور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں ولی نامی شہری کے قتل کے بعد علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج شروع کر دیا۔

مظاہرین نے ہاکس بے روڈ پر ٹائر جلا کر دھرنا دے دیا ہے اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، دھرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او ماری پور کو فوری طور پر معطل کر کے اس کی جگہ ایک ایماندار افسر تعینات کیا جائے۔

علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ ماری پور تھانے کو کافی دور منتقل کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شکایات درج کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تھانے کو دوبارہ پرانی جگہ پر منتقل کیا جائے تاکہ عوام کو فوری اور آسان رسائی حاصل ہو۔

مقبول خبریں