بااثر وڈیرے نے اپنے کھیت میں پانی پینے پر اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی؛ وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جانور کے ساتھ اس طرح کا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا


محمد سلیم جھنڈیر September 20, 2025

سکھر کے علاقے روہڑی میں بااثر وڈیرے نے اپنے کھیت میں گھس کر پانی پینے والی اونٹی کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کی ٹانگ توڑ دی۔

اونٹنی مالک کے مطابق وڈیرے نے غصے میں اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا اور منہ پر ڈنڈے بھی مارے۔ اسپتال کے ڈاکٹروں نے اونٹنی کا علاج کرنے سے بھی انکار کردیا۔

واقعے کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سخت نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جانور کے ساتھ اس طرح کا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کاؤنسل سکھر سید کمیل شاہ کو فوری طور پر اونٹ کا علاج کرانے کی ہدایت دی۔ کمیل شاہ نے اونٹ کے مالک سے رابطہ کر کے علاج کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کاؤنسل نے مختیارکار کو جانوروں کے ڈاکٹر کے ساتھ جائے وقوعہ بھیج دیا تاکہ زخمی اونٹ کو فوری طبی امداد دی جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ اونٹ کا علاج کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور جانوروں کے ساتھ ظلم کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

مقبول خبریں