جامعہ کراچی نے قانونی جدوجہد کے بعد قیمتی اراضی کا قبضہ حاصل کرلیا

یہ کامیابی نہ صرف جامعہ کراچی کے وقار میں اضافہ ہے بلکہ مستقبل کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، صدر انجمن اساتذہ


عائشہ خان September 27, 2025
فوٹو: فائل

کراچی:

جامعہ کراچی نے کنیز فاطمہ گیٹ کے ساتھ والی اپنی قیمتی زمین قانونی جدوجہد کے بعد دوبارہ اپنے قبضے میں لے لی ہے جہاں زمین پر عدالتی فیصلے کے نتیجے میں پیٹرول پمپ کی تعمیر کا عمل جاری تھا تاہم جامعہ کراچی کے بروقت اقدامات سے  یہ منصوبہ روک دیا گیا۔

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور ان کی پوری ٹیم کو  خراج تحسین پیش کیا۔

 انجمن کے صدر ڈاکٹر محسن علی نے کہا کہ شیخ الجامعہ نے نہایت دانش مندی اور بروقت اقدام کرتے ہوئے ایک معتبر قانونی فرم کی خدمات حاصل کیں، جس کے نتیجے میں عدالت کا فیصلہ منسوخ ہوا اور جامعہ کراچی کی زمین کو محفوظ بنا لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی نہ صرف جامعہ کراچی کے وقار میں اضافہ ہے بلکہ ادارے کے مستقبل کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

صدر انجمن نے کہا کہ اس اقدام سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر جامعہ کی زمین یا اثاثے کسی خطرے سے دوچار ہوں تو بروقت اور مربوط کوششیں انہیں محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔

مقبول خبریں