اسلام آباد:
کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی ایک ماہ کے لیے مہنگی کر دی گئی۔
ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سے متعلق نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی جس کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
نیپرا اعلامیہ کے مطابق عوامی سماعت چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت ہوئی، جس میں سی پی پی اے جی کے عہدے دار، بزنس کمیونٹی، وزارت توانائی کے نمائندوں، صحافی حضرات اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔
سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کروائی تھی، اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا۔
سی پی پی اے جی کے مطابق اس کا اطلاق ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔
نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو تسلی سے سنا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
پیداواری لاگت
اگست میں ڈسکوز کو 102.94 ارب یونٹ فراہم کیے گئے۔ اگست میں بجلی کی مجموعی پیداوار 7.31 روپے فی یونٹ کے برعکس 7.50روپے فی یونٹ رہی۔
مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 12.01 روپے فی یونٹ اور درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 14.07 روپے یونٹ رہی۔
فرنس آئس سے 33 روپے اور گیس سے 13.43 روپے فی یونٹ رہی۔ ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 21.73 روپے فی یونٹ رہی۔
ایران سے درآمد ہونے والی بجلی کی لاگت 41 روپے فی یونٹ رہی جبکہ بگاس سے بجلی کی پیداواری لاگت 9.87 روپے فی یونٹ رہی۔