’’بھارتی سمجھ تو گئے ہوں گے‘‘ گورنر سندھ نے چھ صفر کا اشارہ کردیا

پاکستان نے جس طرح بھارت کو شکست دی اس کی مثال نہیں ملتی، مودی کھیل کے میدان کو جنگ کا میدان نہ بنائے، کامران ٹیسوری


اسٹاف رپورٹر September 30, 2025

کراچی:

گورنر سندھ نے میڈیا ٹاک میں چھ صفر کا اشارہ کردیا اور کہا کہ بھارتی سمجھ تو گئے ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ بھارت نے پاکستان سے ٹرافی وصول نہیں کی اس پر آپ کیا کہیں گے؟

جواب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہاتھوں سے چھ صفر کا اشارہ کیا اور کہا کہ بھارتی سمجھ تو گئے ہوں گے، پاکستان نے جس طرح بھارت کو شکست دی اس کی مثال نہیں ملتی ہے لہذا مودی کھیل کے میدان کو جنگ کا میدان نہ بنائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی معلوم ہے کہ وہ اپنے ہر حربے میں بری طرح سے ناکام رہا ہے اس نے اپنی فوج کے بعد اب کرکٹ کو بھی رسو ا کرنا شروع کردیا ہے۔

پریس کانفرنس میں انہوں ںے کہا کہ فلسطین کی صورتحال ہمارے سامنے ہیں 70 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، لاکھوں افراد زخمی اور گھروں سے باہر ہیں، نیتن یاہو نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں پاکستان کا ذکر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی دہشت گردوں سے لڑرہا ہے اور اس دہشت گردی کے تانے بانے مودی سے جاکر ملتے ہیں، فیلڈ مارشل، ایئر فورس اور نیوی چیف مبارک باد کے مستحق ہیں، انہوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے دو ہفتے کے دورے کے بعد آیا ہوں ، میرے اس دورے کے بعد چین سے اب تک دو کمپنیاں پاکستان آچکی ہیں، سعودیہ عرب، قطر، آذر بائیجان، ترکیہ، عمان سمیت ہر ایک ملک آج پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے ، ہر ایک صوبہ کی ترقی چاہتے ہیں اور صوبہ کی ترقی کراچی کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتی ہے ، آئندہ چند دنوں میں ترقیاتی کام دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔

مقبول خبریں